کاروار:22؍جون (ایس اؤ نیوز)قومی شاہراہ 66 پر جاری فورلین تعمیرات کی وجہ سے شاہراہ کے مختلف مقامات پر مٹی کھسک کر سڑک پر آرہی ہے ۔ ضلع میں جاری موسلا دھار یا تیز رفتار بارش کی وجہ سے آئندہ دنوں میں مزید جگہوں پر زیادہ مقدار میں مٹی کھسک کر شاہراہ پر گرنے کا خدشہ جتایا گیا ہے۔
کاروار تعلقہ بینگا گھاٹ پر قومی شاہراہ کی توسیع کے لئے پہاڑ کو کھودا گیا ہے۔ فورلین کی تعمیر کے بعدیہاں سواریوں کی آمدرفت سے مٹی ڈھیلی ہوگئی تھی اب بارش کے پانی سے مزید کمزور ہوگئی ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ شاہراہ پر مٹی گرنا شروع ہوئی ہے۔ اب سواریوں کے نقل وحمل کے لئے بھی خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
اسی طرح کمٹہ تعلقہ کے برگی کے قریب سرسی جانے والی کھئیر سڑک پر بھی پہاڑ کھسکنے کا خدشہ ہے۔ یہاں پہاڑ پر چڑھائی گئی کانکریٹ کی چھت گزشتہ برس ہی بارش کی نذر ہوگئی ہے۔ یہاں کی دونوں سڑکوں کا یہی مسئلہ ہے۔
عوام کے اندر پائے جانے والے خدشات پر ضلع کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے بتایا کہ امسال ضلع انتظامیہ کی طرف سے بہت ساری پیشگی اقدامات کئے گئے ہیں۔۔ قومی شاہراہ 66کے تعمیر کی ٹھیکدار کمپنی آئی آر بی کے افسران کے ساتھ میٹنگیں بھی منعقد کی جاچکی ہیں۔ رواں سال ضلع میں اس ہفتہ مزید موسلادھار بارش کے امکانات جتائے جانے سے آئی آر بی کمپنی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے شاہراہ کنارے کے پہاڑوں سے کھسکنے والے مقامات پر تحفظ اور پیشگی اقدامات کرنے کے لئے کہاگیا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے باوجود سماوی آفات کا سامنا ہوجائے تو پیشگی تیاریاں بھی کی جاچکی ہیں۔